آب و ہوا

متعدد موسمی آفات کے پاکستانی خواتین پر اثرات

بین الاقوامی یوم خواتین کے بارے میں اس رپورٹ میں ماہرین کا کہنا ہے کہ غربت ، معاشرتی رویوں اور صنفی اصولوں نے پاکستان میں خواتین کے لئے آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنا مشکل تر بنا دیا ہے۔
<p>صوبہ پاکستان کے ضلع جمشورو میں، ستمبر 2022 میں سیلاب کے بعد اپنے گھروں سے محروم خواتین اور بچے۔ 2022 کے سیلاب نے پاکستان میں تقریبا 8 ملین افراد کو بے گھر کردیا۔ (تصویر بشکریہ اختر سومرو / الامی)</p>

صوبہ پاکستان کے ضلع جمشورو میں، ستمبر 2022 میں سیلاب کے بعد اپنے گھروں سے محروم خواتین اور بچے۔ 2022 کے سیلاب نے پاکستان میں تقریبا 8 ملین افراد کو بے گھر کردیا۔ (تصویر بشکریہ اختر سومرو / الامی)

پاناہی ملاقاتیوں کا اپنی رہائش گاہ میں گرم جوشی سے استقبال کرتی ہیں، متی کے فرش اور گھاس پھوس سے بنی چھت جس سے سورج کی روشنی گزر کر اندر داخل ہورہی تھی، پر مشتمل اس مختصر سے ڈھانچے کو اب وہ اپنا گھر کہتی ہیں۔ یہاں کرسیاں یا کوئی چارپائی (روایتی بنے ہوئے بستر) نہیں ہیں۔ پانی کے لئے ایک ٹن کا ڈبہ، ایک دو بیڈ شیٹیں، کچھ برتن اور ایک نماز کی چٹائی، یہ ان کے اہل خانہ کا کل اثاثہ ہے۔

پاناہی کہتی ہیں،” سی؛سیلاب سب کچھ بہا کے لے گیا۔ ہم خالی ہاتھ دو مہینے سے زیادہ عرصہ ٹھٹھہ رہے۔ خدا کا شکر ہم واپس اپنے گھر آگئے ہیں۔”

Panahi holds a chick, one of her few remaining sources of income after the 2022 floods destroyed her family’s home
پاناہی نے ایک چوزہ ہاتھ میں اٹھایا ہوا ہے، یہ ان چند اثاثوں میں سے ایک ہے جو 2022 کے سیلاب میں ان کے گھر کی تباہی کے بعد بچ گۓ۔ (تصویر بشکریہ  فرحناز زاہدی/ دی تھرڈ پول )

پاناہی جنوبی پاکستان کے صوبہ سندھ میں تقریبا 30 گھرانوں پر مشتمل گاؤں گوٹھ علی محمد سومرو میں رہتی ہیں۔ پچھلے سال اگست میں ، تباہ کن مون سون کے سیلاب کے دوران ، پاناہی کا گھر بہہ گیا تھا۔ جہاں وہ اب رہتی ہیں وہ  باقیات پر مبنی ایک عارضی پناہ گاہ ہے۔

یہ خاندان سیلاب میں اپنی فصلوں سے بھی محروم ہوگیا اور گاؤں میں بچ جانے والی گاۓ اور بھینسوں کی ہڈیاں انکی کھالوں سے باہر نظر آتی ہیں۔ پاناہی کا کنبہ مرغیاں پال کر گزارا کررہا ہے۔ وہ کہتی ہیں ، “ہمیں خود انڈے کھانے کو نہیں ملتے- ہم انہیں روٹی کا آٹا خریدنے کے لئے فروخت کرتے ہیں۔”

“عفریتی مون سون” جسے چھ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور جس نے پاکستان میں ہر سات میں سے ایک فرد کو متاثر کیا اور تقریبا 8 ملین کو بے گھر کردیا، اس کے اثرات اب خبروں کا حصّہ نہیں ہیں۔ اس کے باوجود صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق، صرف صوبہ سندھ میں ، 2023 کے آغاز میں 89،000 سے زیادہ افراد اب بھی بے گھر ہیں۔ سیلاب ایک شدید اور طویل ہیٹ ویو کے فوراً بعد آیا تھا، جسکا آغاز سال میں معمول سے پہلے ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین ، خاص طور پر بچے پیدا کرنے والی عمر کی خواتین، لگاتار آفات سے شدید متاثر ہوتی ہیں۔

صنفی روایات اور غربت سے خواتین کے عدم تحفظ  میں اضافہ ہوتا ہے

“موسمی آفات جیسا کہ سیلاب سے مرد اور خواتین پر مختلف اثرات ہوتے ہیں”، صنف اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں مہارت رکھنے والی ایک سوشل سائنٹسٹ  ساجدہ تاج کا کہنا ہے ، جو پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل میں پروگرام لیڈر ہیں۔ “ہمارے معاشرے میں صنفی روایات ایک بڑی وجہ ہیں۔ صنفی کردار واضح طور پر تقسیم ہیں ، خاص طور پر دیہی گھرانوں  میں جہاں خواتین گھریلو کام ، بچوں اور بوڑھوں کی دیکھ بھال کے لئے ذمہ دار ہیں”۔ دیہی برادریوں میں ، جبکہ مرد “زیادہ تر صرف گھر سے باہر کے معاملات ردیکھتے ہیں”،  عورتیں “کھانا پکاتی، صاف کرتی ہیں ، کپڑے دھوتی ہیں، مویشیوں کے لئے چارہ تیار کرتی ہیں ، گائیوں کا دودھ دوہتی اور کھیتوں میں مزدوری کرتی ہیں”، پاکستان میں پائیدار ترقی پر کام کرنے والے ایک غیر منافع بخش ، انڈس ارتھ ٹرسٹ کے جنرل منیجر آف پروگرامزعبد اللہ راجپر مزید بتاتے ہیں۔

راجپر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ غربت کا مطلب یہ ہے کہ خواتین میں غذائیت کی کمی کا امکان زیادہ ہوتا ہے چناچہ “جب تباہی آتی ہے، تو وہ زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔ جب سیلاب کا پانی آنا شروع ہوتا ہے تو ، وہ کسی نہ کسی طرح ساس ، بچوں اور مویشیوں کو اونچائی تک پہنچاتی ہیں۔ خود کو دوسروں پر کم ترجیح دیتی ہیں”۔

The village of Goth Ali Muhammad Soomro
سندھ میں گوٹھ علی محمد سومرو گاؤں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے بذریعہ کار 90 منٹ کے فاصلے پر واقع ہے۔ پاکستان کے بیشتر حصے دیکھے گۓ منظر کی طرح ، اگست 2022 کے سیلاب میں گاؤں کے زیادہ تر مکانات منہدم ہوگئے تھے یا بہہ گئے تھے۔ چھ ماہ سے زائد عرصہ کے بعد ، رہائشی ابھی بھی عارضی پناہ گاہوں میں رہ رہے اور کھلے آسمان کے نیچے دھلائی و صفائی کررہے ہیں۔ (تصویر بشکریہ عافیہ سلام )

ماؤنٹین اور گلیشیر پروٹیکشن آرگنائزیشن اور سول سوسائٹی کو-ایلیشن فار کلائمیٹ چینج کی سربراہ عائشہ خان نے بتایا ہے کہ خواتین آبادی کا 49 فیصد ہیں “لیکن وسائل یا مواقع تک مساوی رسائی نہیں ہے”۔

خان کہتی ہیں ، “یہ عدم مساوات ان عدم تحفظ میں معاون ہے۔”

780,000

پاکستان میں 2022 سیلاب کے دوران تباہ ہونے والے مکانات کا تخمینہ، جبکہ 1.27 ملین سے زیادہ مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے

گوٹھ علی محمد سومرو میں مردوں ، خواتین اور یہاں تک کہ بچوں کے داغدار ہونٹ اس کی ایک نمایاں علامت ہیں۔ وہ گٹکا چبا رہے ہیں ، جو ایک قسم کا تمباکو کی مصنوعات ہے جو جنوبی ایشیاء میں استعمال کی جاتی ہے ، لیکن روایتی طور پر پر اسے صرف  مرد استعمال کرتے ہیں۔ راجپر کہتے ہیں ، “وہ بھوک ختم  کرنے کے لئے گٹکے کا استعمال کرتے ہیں کیونکہ ان کے پاس کھانے کو نہیں ہے۔” پورا کنبہ اسے استعمال کرتا ہے۔ سیلاب کے بعد خوراک کی کمی اور کام کی کمی نے اسے مزید خراب کردیا ہے۔ اس پر مزید یہ کہ خون کی کمی اور کمزوری کر باوجود اورتین بچے جنم دے رہی ہیں”-

2022 سیلاب کے بعد تولیدی صحت  کو نقصان پہنچا  ہے

اگست 2022 میں، یونائیٹڈ نیشنز پاپولیشن فنڈ نے اندازہ لگایا کہ پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 650,000 حاملہ خواتین تھیں۔ اس وقت، تباہی نے سندھ میں 1,000 سے زیادہ اور جنوب مغربی پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں 198 صحت کی سہولیات کو جزوی طور پر نقصان پہنچایا یا تباہ کر دیا تھا، یہ صورت حال اگلے مہینوں میں مزید خراب ہوئی۔

پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں جینڈر اینڈ چائلڈ سیل کی پروگرام مینیجر تانیہ ہمایوں کہتی ہیں، “وہ خواتین جو حاملہ ہیں یا دودھ پلانے والی ہیں انہیں آفتوں کے دوران متعدد چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔” “ان کی غذائی ضروریات پوری نہیں ہوتیں۔ وہ ایک ماحول میں رہنے کی عادی ہوتی ہیں، اور بے گھر ہونا آسان نہیں ہے۔ اوپر سے، عورتوں کے مویشی اور کچن گارڈن تباہ ہو جاتے ہیں۔”

گوٹھ علی محمد سومرو میں، دی تھرڈ پول نے معلوم کیا کہ گزشتہ سال حاملہ خواتین کے لئے ہیلتھ کیئر تک رسائی حاصل کرنا کتنا مشکل ہو گیا تھا۔ صائمہ نامی ایک خاتون سیلاب کے دوران زچگی کے دوران اپنا بچہ کھو بیٹھی۔ ایک پڑوسی، ساجدہ کہتی ہیں، ’’قریب ترین کلینک گھنٹوں کی پیدل دوری پر ہے، لیکن سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی تھیں۔ “بڑی مشکل سے ہم نے ایک وین کرایہ پر لی۔ یہ ہمیں ڈراپ آف پوائنٹ پر لے گئی۔ وہاں کے بعد ہمارے ساتھ آنے والے مرد صائمہ کو لے کر گۓا۔ لیکن جب ہم کلینک پہنچے تو بہت دیر ہو چکی تھی۔”

نورین خوش قسمت تھیں۔  وہ کہتی ہیں، ” یہ میری گلمینہ ہے۔ یہ سیلاب کے دوران پیدا ہوئی تھی، میرے آٹھ بچے ہیں۔ چار لڑکیاں اور چار لڑکے۔”

Pregnant women at a hospital in Sehwan, Sindh province, in September 2022, after floods hit the region
 ستمبر 2022 میں سیلاب کی زد میں آنے کے بعد، صوبہ سندھ کے شہر سیہون کے ایک ہسپتال میں حاملہ خواتین (تصویر بشکریہ اختر سومرو/الامی)

ہزاروں کلومیٹر سڑکوں کے ناقابل استعمال ہونے اور صحت کی سہولیات کو نقصان پہنچنے یا تباہ ہونے کے ساتھ، مانع حمل ادویات تک رسائی بھی مشکل ہو گئی۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ ماہ شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ امدادی کیمپوں میں کلینک قائم کیے گئے، “روایتی ثقافتی رکاوٹوں نے ان خواتین کو تولیدی مدد تک رسائی  میں سب سے بڑی رکاوٹ پیدا کی۔ بہت سی خواتین نے بتایا کہ جب انہیں تولیدی صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کی ضرورت ہوتی ہے، اجنبیوں سے ناگزیر قربت کے پیش نظر، وقار کے نقصان کا شدید احساس ہوتا ہے۔”

انسانی حقوق کی راہ میں موجودہ رکاوٹیں آفات کے تناظر میں مزید بڑھ جاتی ہیں

سیلاب متاثرین سبسڈی والی خوراک کے راشن کے اہل ہیں، لیکن صرف نیشنل آئڈنٹیٹی کارڈ (این آئی سی) پیش کرنے پر۔ پاکستان کے دیہی علاقوں میں بہت سے خاندانوں میں، مرد پہلے اپنے این آئی سی حاصل کرلیتے ہیں، اور خواتین بغیر کسی شناخت کے رہ جاتی ہیں۔ ہراساں کیے جانے کا خطرہ اکثر خواتین کی نقل و حرکت کو محدود کر دیتا ہے اور اس کا مطلب ہے کہ وہ اکیلے سفر نہیں کر سکتیں، اس لیے ہو سکتا ہے وہ وہاں نہ پہنچ سکیں جہاں راشن تقسیم کیا جاتا ہے۔

گوٹھ علی محمد سومرو گاؤں میں، دی تھرڈ پول کی ملاقات ایک 10 سالہ لڑکی سے ہوئی جو ایک چھوٹے سے برتن میں پانی لے کر جا رہی تھی، اور اپنا نام بتانے میں شرما رہی تھی۔ ساجدہ اس کے بارے میں بتاتی ہیں، “یہ لڑکی سات بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے والد ایک کار حادثے میں انتقال کرگئے۔ یہ اپنے تمام بہن بھائیوں کی دیکھ بھال کرتی ہے، برتن اور کپڑے دھوتی ہے، اور اسے پانی لانے کے لئے قریب ترین واٹر پمپ کے کئی چکّر لگانے پڑتے ہیں۔ کنبے میں کسی مرد کا نہ ہونا بذات خود ایک چیلنج ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ لڑکی ایک ہی بار میں زیادہ پانی کیوں نہیں لاتی، ساجدہ بتاتی ہیں کہ اب گھر والوں کے پاس ٹن کا کنٹینر نہیں ہے۔ ” ان کے پاس یہ برتن ہی رہ گۓ ہیں۔”

A women in Pakistan sits next to bowls used for carrying water
یہ چھوٹے برتن وہ واحد کنٹینر ہیں جو خاندان کے پاس  پانی بھرنے کے لئے رہ گۓ ہیں، جس کی وجہ سے وہ پانی کے پمپوں کے کئی چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ (تصویر بشکریہ فرحناز زاہدی /دی تھرڈ پول )
Pakistan woman with a roller water carrier. roller water carrier. In rural Pakistan, women and girls almost always have the job of fetching water for the household
ساجدہ ایک رولر واٹر کیریئر کے ساتھ۔ پاکستان کے دیہی علاقوں میں،  گھر کے لئے پانی لانے کا کام تقریباً ہمیشہ خواتین اور لڑکیوں کا ہوتا ہے۔ (تصویر بشکریہ  فرحناز زاہدی /دی تھرڈ پول )

صفائی تک رسائی ایک مسئلہ ہے، خاص طور پر ریلیف کیمپوں میں۔ این ڈی ایم اے سے تعلق رکھنے والے ہمایوں یاد کرتے ہیں، “2009 میں سوات میں، جلوزئی کیمپ میں خواتین سارا دن بیت الخلاء استعمال نہیں کرتی تھیں، لیکن شام کو لمبی قطاریں لگ جاتی تھیں۔ ہمیں پتہ چلا کہ ہیلی کاپٹر اوپر سے گزرتے تھے، اور بیت الخلاء بغیر چھت کے تھے، اس لیے خواتین نے دن کے وقت ان کا استعمال کرنے سے گریز کیا۔ بہت سی خواتین کو پیشاب کی نالی کے انفیکشن کا سامنا کرنا پڑا۔ اس بار جب کیمپ لگائے گئے تو اس بات کو مدنظر رکھا گیا۔”

ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ اس تباہی کے بعد بچوں کی تعلیم بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم خطرے میں ہے۔ ہمایوں کو معلوم ہے کہ دیہی سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچوں کی شادیاں ہو رہی ہیں۔ “جب بچے کھو جاتے ہیں اور کیمپوں میں پائے جاتے ہیں، تو وہ ان کی شادی کر دیتے ہیں، اس طرح  کھلانے کے لئے ایک منہ کم ہوجاتا ہے۔

اس سب سے بڑھ کر، ہمایوں بتاتے ہیں، “ایسے افراتفری کے حالات میں، صنفی بنیاد پر تشدد بڑھ جاتا ہے”۔

پورے معاشرے کے  ‘رویے میں تبدیلی ‘ کی ضرورت ہے

عائشہ خان کہتی ہیں کہ پاکستان میں پدرشاہی سماجی رویوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اور خواتین کو لچک اور تعمیراتی منصوبوں میں شامل کیا جانا چاہیے۔ “یہ کاغذ بھرنا یا صنفی مساوات کے بارے میں بیانات دینا کافی نہیں ہے۔ اسے سماجی نقطہ نظر میں تبدیلی کے حصے کے طور پر دیکھا اور سمجھا جانا چاہیے جو شمولیت اور اقتصادی شراکت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ معمول کے مطابق بزنس کا کوئی آپشن نہیں ہے۔”

ستمبر 2022 میں انٹرنیشنل سینٹر فار انٹیگریٹڈ ماؤنٹین ڈیولپمنٹ (آئی سی آئی ایم او ڈی)، یو این انوائرنمنٹل پروگرام اور یو این ویمن کی طرف سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ صنفی مساوات اور سماجی شمولیت کو سمجھنا لوگوں کی آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور ان سے موافقت کی صلاحیتوں کو سمجھنے کے لئے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ .

خان واضح ہیں کہ ثقافتی طریقوں، روایتی اقدار، اور معاشرتی رکاوٹیں جو صنفی عدم مساوات کا باعث بنتی ہیں، کو بدلتے ہوئے وقت اور دنیا میں بڑھتی ہوئی گرمی  کے خطرات کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

وہ کہتی ہیں، “ہم عام حالات میں نہیں رہ رہے ہیں اور اس لئے روایتی ردعمل کام نہیں کریں گے… جتنی جلدی ہم رویوں کو تبدیل کریں گے خود کو بہتر طریقے سے عدم تحفظ کم کرنے کے لئے تیار کر سکیں گے۔